www.Ishraaq.in (The world wide of Islamic philosophy and sciences)

وَأَشۡرَقَتِ ٱلۡأَرۡضُ بِنُورِ رَبِّهَا

صحیفۂ سجّادیہ کی اہمیت

صحیفۂ سجّادیہ کی اہمیت اس وجہ ہے کہ امام سجّاد علیہ السّلام جیسا معصوم امام ان دعاؤں کے ذریعہ اپنے پرودگار سے راز و نیاز کیا کرتا تھا ، یہ صحیفہ جسے زبورِ آلِ محمّد کے نام سے یاد کیا جاتا ہے متکلّم اور مخاطب کے اعتبار سے ایک مخصوص اہمیت کا حامل ہے ۔ صحیفۂ سجّادیہ اپنی دعاؤں کے عمیق اور بلند مضامین اور مفاہیم کے علاوہ سند کے اعتبار سے بھی بہت محکم ہے ۔

یوں تو دعاؤں کی کتابیں بہت زیادہ ہیں ، رائج اور منقول دعاؤں کی بھی کمی نہیں ہے لیکن ان دعاؤں کی سندیّت بہت زیادہ ہوا کرتی ہے اور ان کے مفاہیم زیادہ دلنشین ہوا کرتے ہیں جن کی سند زیادہ محکم ہو اور جن کے بارہ میں یہ یقین ہو کہ یہ معصوم کی زبانِ مبارک سے جاری ہوئی ہیں ۔ شیعہ علماء نے مختلف صدیوں میں دعا کی مختلف کتابیں تالیف کی ہیں جن میں مختلف اوقات ، دنوں اور مواقع سے مخصوص دعاؤں کو جمع کیا گیا ہے ، اس سلسلہ میں سید ابن طاؤس کی کتاب اقبال ، کفعمی کی کتاب البلد الامین ، سید ابن طاؤس کی کتاب جمال الاسبوع ، قطب راوندی کی الدّعوات ، ابن فھد حلّی کی عدّۃ الدّاعی ، کفعمی کی المصباح ، شیخ بہائی کی مفتاح الفلاح ، اور محدّث قمی کی مفاتیح الجنان کا نام لیا جاسکتا ہے ۔

لیکن صحیفۂ سجّادیہ کو ان کتابوں میں ایک خاص مقام حاصل ہے ، اس کی فصاحت اور بلاغت اور مفاہیم کی گہرائی قابل ِ غور ہے ، اس کی سند بھی بہت معتبر ہے ، ائمّہ طاہرین علیہم السّلام ہمیشہ ہی دوسروں سے اس کتاب( جو امام زین العابدین کی گرانقدر میراث شمار ہوتی ہے ) کی حفاظت کی تاکید فرمایا کرتے تھے ، اس کتاب کی سند کے بارے میں مفصّل عالمانہ بحثیں اور تحقیقات انجام پائی ہیں ، اس مختصر مقالہ میں اس موضوع پر گفتگو نہیں کی جاسکتی ۔

 

صحیفۂ سجّادیہ کے مفاھیم پر ایک نظر ‏

امام سجّاد علیہ السّلام کا دورِ حیات اہلبیتِ پیغمبرکے لئے سخت ترین زمانہ تھا ، اس دور میں اموی حکمرانوں کی طرف سے شیعوں کے اماموں کو بہت سی پابندیوں کا سامنا تھا، یہی وجہ ہے کہ اُس گھٹن کے ماحول میں امام سجّاد علیہ السّلام کے لئے تفسیرِقرآن ، فقہ اور دیگر علوم کی تعلیم و تدریس کا ماحول سازگار نہیں تھا ۔

آپ نے اسلام کی بہت سی خالص تعلیمات کو صحیفۂ سجّادیہ کی دعاؤں کی شکل میں بیان فرمایا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہم مشاہدہ کرتے ہیں کہ صحیفۂ سجّادیہ میں ، معرفتِ الٰہی ، تخلیقِ کائنات،عالمِ غیب اور فرشتوں،انبیائے کرام کی رسالت ، پیغمبراور اہلبیت علیہم السّلام کے مرتبہ اور منزلت ، اخلاقی محاسن اوربرے اخلاق، انسان کے مختلف حالات ، لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے شیطان کے ہتھکنڈوں ، مختلف ایام کی یاد منانے ، سماجی اور اقتصادی مسائل ، تاریخ اور سیرت ، خدا کی قدرت کے مظاہر کی طرف توجّہ دلانے، خدا کی مختلف نعمتوں کی یاد دہانی اور شکر و سپاس کی ذمّہ داری کا احساس بیدار کرنے، قدرت کی انفسی(اندرونی) اور آفاقی (بیرونی ) نشانیوں کی طرف متوجّہ کرنے ، آدابِ دعا ، تلاوت ، نماز وعبادت کے علاوہ صحیفۂ سجّادیہ میں دسیوں دیگر اہم موضوعات بھی جلوہ گر ہیں ، شکل دعا کی ہے لیکن ان دعاؤں کے مضامین میں دین، اخلاقی اقدار، قرآنی تعلیمات ، عبادت اور بندگی کے آداب کو نہایت حسین انداز سے پیش کیا گیا ہے ۔

صحیفۂ سجّادیہ ۵۴دعاؤں پر مشتمل ہے ، ان میں سے بعض دعائیں مفصّل اور طویل ہیں اور کچھ دعائیں نسبتاً مختصر ہیں۔

ان دعاؤں کو پڑھنے کی مختلف مناسبتوں اور مواقع کو صحیفۂ سجادیہ کی فہرست میں بیان کیا گیا ہے ، اس سلسلہ میں اس کی فہرست کی طرف رجوع کیا جا دسکتا ہے ، ان دعاؤں میں سے بعض کے عناوین درجِ ذیل ہیں

خدا ، حاملانِ عرش اور فرشتوں کی حمد و ثنا میں دعا، اپنے اور اپنے رشتہ داروں کے حق میں دعا، مشکلات و مصائب میں دعا، خدا کی پناہ طلب کرنے کے لئے ، گناہوں کی مغفرت کے لئے ، گناہوں کے اقرار کے لئے ، حاجت طلب کرنے کے لئے ، بیماری کی حالت میں ، شیطانِ مردود سے خدا کی پناہ مانگنے کے لئے ، اچھے اخلاق کے لئے، تندرستی کے لئے ، ماں باپ اور اولاد کے لئے ، پڑوسیوں اور دوستوں کے لئے ، سرحدوں کے محافظوں کے لئے ، توبہ کے لئے ، وسعتِ رزق کے لئے ، رعدو برق کے وقت ، نئے مہینہ کا چاند دیکھنے کے وقت ، ماہ رمضان کی آمد اور اختتام کے موقع پر ، عیدِ فطر اور عرفہ کے موقع پر ، ختمِ قرآن کی دعا اور اس کے علاوہ دسیوں دیگر مناسبتوں پر پڑھی جانے والی دعائیں۔

مختلف مناسبتوں سے اس طریقہ کے استفادے سے ایک دعا گزاراور خدا سے مانوس مسلمان کا کوئی وقت خالی نہیں بچتا چونکہ اس کی زندگی کے لمحہ لمحہ کے لئے پروردگارِ عالم کی بارگاہ میں راز و نیاز کے لئے دستور العمل موجود ہے ۔

Add comment


Security code
Refresh