www.Ishraaq.in (The world wide of Islamic philosophy and sciences)

وَأَشۡرَقَتِ ٱلۡأَرۡضُ بِنُورِ رَبِّهَا

مدینہ ظلمت شب کی نذر ھوچکا ہے، مسلمانوں کی ایک بڑی جماعت خواب غفلت میں پڑی آرام کی نیند سورھی ہے

 رات کا وحشت انگیز سناٹا داماد رسول(ص) کے لبوں کی جنبش پر کان لگائے ھوئے ہے وہ کہ جن کو ان کے گھر میں اکیلا کردیا گیا ہے جو شھر میں بھی تنھا ہیں اور گھر میں بھی، رسول اسلام(ص) کی جدائی اور ان کی بیٹی فاطمہ سلام اللہ علیھا کا درد فراق سینے پر لئے کسی پھاڑ کی مانند فاطمہ(س)کی تربت پر بیٹھے ھوئے، غمگین و افسردہ تاریکی شب سے زمزمہ کررھے ہیں ۔ لگتا ہے الفاظ علی(ع) کا ساتھ چھوڑتے جارھے ہیں، لبوں کی جنبش ایک طویل سکوت میں تبدیل ھوجاتی ہے قبر فاطمہ(س) سے اٹھتے ہیں اور نسیم نیمۂ شب کے جھونکوں کے سھارے چند قدم بڑھاتے ہیں اور پھر قبر رسول(ص) پر بیٹھ جاتے ہیں :
خدا کے رسول ! میری طرف سے اور اپنی بیٹی کی طرف سے، جو آپ کے شوق دیدار میں مجھ سے جدا ھوکر زیرخاک آپ کے بقعۂ نور میں پھنچ چکی ہے، سلام قبول کیجئے ۔ خدا نے کتنا جلدی اس کو آپ کے پاس پھنچا دیا، اے خدا کے رسول ! آپ کی چھیتی کے فراق نے میرا صبر مجھ سے چھین لیا اور میرے بس میں آپ کی پیروی کے سوا جو میں نے آپ کی جدائی میں تحمل کی ہے، کوئی چارہ نھیں ہے کیونکہ میں نے جس وقت آپ کو آپ کی لحد میں آرام کے لئے لٹایا تھا آپ کی مقدس روح میرے گلے اور سینے کے درمیان سے نکلی ہے(جی ھاں! قبض روح کے وقت آپ کا سر مبارک میرے سینے سے لگا ھواتھا) خدا کی کتاب کے یہ کلمے کس قدر صبر آزما ہیں: انّا للہ و انا الیہ راجعون ۔ یقینا" امانت مجھ سے واپس لیلی گئی اور زھرا(س)میرے ھاتھوں سے چھین لی گئی ہیں ۔
اے خدا کے رسول! اب یہ نیلگوں آسمان اور خاکی زمین کس قدر پست نظر آنے لگی ہے میرا غم، غم جاوداں بن گیا ہے، راتیں اب جاگ کر بسر ھوں گی اور میرا غم، دل میں ھمیشہ باقی رھے گا یھاں تک کہ وہ گھرجھاں آپ مقیم ہیں خدا میرے لئے بھی قرار دیدے۔ میرا رنج دل کو خون کردینے والا اور میرا اندوہ(دماغ کو) مشتعل کردینے والا ہے ۔ کس قدر جلد ھمارے درمیان جدائی پڑگئی، میں اپنا شکوہ صرف اپنے خدا کے حوالے کرتا ھوں، اس بیٹی سے پوچھئے گا وہ بتائیں گی کیونکہ کبھی ایسا بھی ھوتا ہے کہ دل کے درد آگ کی مانند سینے میں شعلہ ور ھوتے ہیں اور دنیا کے سامنے اس کے کھنے اور شرح کرنے کی راہ نظر نھیں آتی لیکن اب وہ کھیں گی اور خدا انصاف کرے گا جو بھترین انصاف کرنے والاہے ۔

Add comment


Security code
Refresh