طلاب ہندوستان مقیم قم کی کمیٹیوں نے متحدہ طور پر ایک نوٹ جاری کرتے ہوئے قرآن پاک کی آیتوں کو ختم کرنے کے بارے میں وسیم رضوی کی دریدہ دہنی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وسیم رضوی اور پس پردہ عناصر کے ذریعے قرآن مجید کو نشانہ بنانے کی حالیہ کوشش پر علمائے ہند مقیم قم(ایران) کے اداروں اور تنظیموں نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بیانیہ کا مکمل متن اس طرح ہے:
هَٰذَا بَصَائِرُ لِلنَّاسِ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِّقَوْمٍ يُوقِنُونَ﴿سورہ جاثیہ ،آیت نمبر ۲۰﴾
ترجمہ یہ ﴿قرآن﴾ تمام انسانوں کے لئے بصیرتوں کا سرمایہ ہے،اور یقین رکھنے والوں کے لئے ہدایت اور رحمت کا باعث ہے۔
قرآن مجید کتاب بصیرت ہے۔لہذا مسلمانوں کو صاحب بصیرت ہونا چاہئے اور ان کی بصیرت کا اظہار اس پُر آشوب دور میں نہایت ضروری ہے۔صدر اسلام سے ہی شیطانی عناصر نے اس کتاب ہدایت سے بشریت کو دور کرنے کی کوشش کی ہے اور وسیم رضوی کا حالیہ بیان اور اس کے ذریعے انجام پانی والی کوششیں اسی سلسلہ کی تازہ کڑی ہیں۔
یہ خود ایک بہت بڑی دہشتگردی ہے کہ ایک آسمانی کتاب کی آیات کی معنوی تحریف کے ذریعے اس پر دہشتگردی کے فروغ کا الزام لگایا جائے ،جب کہ مسلم الثبوت حقیقت اس کے یکسر مختلف ہے۔بلا شبہ ایک معلوم الحال شخص اور اس کے پس پردہ سہولت کاروں کے ذریعے انجام پانے والی حالیہ کوششوں کا نتیجہ بھی شر پسندوں کی رسوائی ،اور لوگوں کے دلوں پر قرآن مجید کی تابانیوں میں اضافہ ہی ہوگا۔
ہم علمائے ہندوستان مقیم قم ﴿ایران﴾ وسیم رضوی نامی شخص اور اسے آلہ کار بنانے والے عناصر کی قرآن مجید کے خلاف غلط بیانی اور بعض معاملے میں ہی نہیں بلکہ اس نوعیت کے تمام فتنہ انگیز واقعات میں ہوشیاری کا ثبوت دے ،اور اپنے وقار ،ملک کی بین الاقوامی حیثیت اور قومی امن و امان کی حفاظت کرے۔ساتھ ہی ہم اس شخص اور ان طاقتوں کے خلاف جن کے ایماء پر وہ پے در پے فتنہ و فساد بپا کرنے کی کوشش کرتا ہے ،سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کرتے ہیں۔
اسی طرح ہم ملک کے مسلمان علماء، دانشور اور عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ اس موقع کو غنیمت شمارکرتے ہوئے قرآن مجید کی تلاوت اور اس پر عمل کے میدان میں مزید آگے بڑھیں اور دوسروں تک قرآنی تعلیمات کو پہنچائیں۔ نیز اپنی بصیرت کا ثبوت دیتے ہوئے اس مسئلے کو فرقہ واریت کا باعث بننے نہ دیں۔ واضح رہے جس طرح سلمان رشدی کا اہل سنت سے کوئی تعلق نہیں،اسی طرح وسیم رضوی کے اقدامات کا اہل تشیع سے کوئی ربط نہیں ہے۔
اللہ سبحانہ و تعالیٰ اسلام کی سربلندی میں اضافہ فرمائے ،ملک میں امن و امان اور عقلانیت کا ماحول بحال کرے،اور دین ،ملک اور انسانیت کے دشمنوں کو ذلیل و خوار کرے۔ ﴿ وَمَكَرُوا وَمَكَرَ اللَّهُ وَاللَّهُ خَيْرُ الْمَاكِرِينَ،سورہ آل عمران ،آیت نمبر۵۴﴾
و آخر دعوانا اٴَنِ الحمد للّہ رب العالمین
وسیم رضوی اور پس پردہ عناصر کے ذریعے قرآن مجید کو نشانہ بنانے کی حالیہ کوشش پر علمائے ہند مقیم قم(ایران) کے اداروں اور تنظیموں کا مشترکہ بیان
- Details
- Written by admin
- Category: اھم خبریں
- Hits: 352