www.Ishraaq.in (The world wide of Islamic philosophy and sciences)

وَأَشۡرَقَتِ ٱلۡأَرۡضُ بِنُورِ رَبِّهَا

702e1
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی نے خبردار کیا ہے کہ پابندیاں ختم نہ ہونے کی صورت میں ایٹمی مراکز پر آئی اے ای اے کی نگرانی ختم کر دی جائے گی اور معائنہ کاروں کو ایران سے جانا ہوگا۔
قومی سلامتی اور خارجہ تعلقات کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ مجتبی ذو النوری نے اپنے ایک بیان میں وا‏ضح کیا ہے کہ اکیس فروری تک پابندیوں کے ختم نہ ہونے کی صورت میں ایٹمی مراکز تک آئی اے ای اے کی دسترسی کے تمام راستے بند کر دیئے جائیں گے۔
مجتبی ذوالنوری نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے اسٹریٹیجک قانون کے مطابق اگر یورپی ممالک نے بینکاری اور مالیاتی نظام پر عائد پابندیوں کے خاتمے اور ایرانی تیل کی برآمدات کو معمول پر لانے کے وعدے پر عمل نہ کیا تو اکیس فروری کے بعد نہ صرف آئی اے ای اے کو ایٹمی مراکز کی معائنہ کاری نہیں کرنے دی جائے بلکہ ایڈیشنل پروٹوکول پر عملدرآمد بھی روک دیا جائے گا۔
قومی سلامتی اور خارجہ تعلقات کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ نے مزید کہا کہ اگر اس کے بعد بھی پابندیاں جاری رہیں تو آئی اے ای اے کے ساتھ ایران کے تعاون کو این پی ٹی معاہدے کی حد تک محدود کر دیا جائے گا اور ایٹمی مراکز میں نصب آئی اے ای اے کے ویجلنس کیمرے بھی ہٹا دیئے جائیں گے۔
مجتبی ذوالنوری نے بتایا کہ اس وقت تین سطح پر ایران کی ایٹمی تنصیبات کی نگرانی کی جا رہی ہے جس میں سے ایک این پی ٹی کے تحت، دوسری ایڈیشنل پروٹوکول کے تحت اور تیسری نگرانی ایٹمی معاہدے کے مطابق ہے اور یہ ایڈیشنل پروٹوکول سے بھی بڑھ کر ہے۔
قومی سلامتی اور خارجہ تعلقات کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ نے واضح کیا کہ پابندیوں کے خاتمے کے اسٹریٹیجک قانونی پر عملدرآمد کی صورت میں آخری دو معائنہ کاری کا سلسلہ فوری طور پر روک دیا جائے گا اور آئی اے ای کے کسی بھی معائنہ کار کو ایران کی ایٹمی تنصیبات میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی پارلیمنٹ نے گزشتہ ماہ پابندیوں کے خاتمے کے اسٹرٹیجک قانون کی منظوری دی تھی جس کے تحت حکومت ایران کو اس بات کا پابند بنایا گیا تھا کہ وہ یورپی ملکوں کی جانب سے اپنے ایٹمی وعدوں پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں آئی اے ای اے کے ایڈیشنل پروٹوکول پر رضاکارانہ عملدرآمد کا سلسلہ بند کر دے۔

Add comment


Security code
Refresh