www.Ishraaq.in (The world wide of Islamic philosophy and sciences)

وَأَشۡرَقَتِ ٱلۡأَرۡضُ بِنُورِ رَبِّهَا

622f5
امریکہ میں کورونا وائرس کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ کورونا ویکسین کی قلت کے پیش نظر واشنگٹن نے روس اور دیگر ملکوں سے ویکسین فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
کورونا کے اعداد و شمار جاری کرنے والی ویب سائٹ ورلڈو میٹر کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دو کروڑ پچاسی لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جبکہ پانچ لاکھ پانچ ھزار تین سو نو افراد موت سے ہمکنار ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں ہر ایک منٹ میں کم سے کم دو مریض کورونا کی وجہ سے اپنی جان گنوا رہے ہیں۔
وبائی امراض کے امریکی ادارے نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ کورونا کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کے باعث عمر کے تناسب میں کمی واقع ہوئی ہے، اس مرکز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں اوسط عمر میں ایک سال کی کمی ہوگئی ہے۔
یہ امریکہ میں دوسری عالمی جنگ کے بعد شہریوں کی اوسط عمرمیں کمی کی بدترین مثال ہے اور اس سے امریکہ میں کورونا کی خراب صورتحال کی نشاندھی ہوتی ہے۔ کورونا کے مریضوں کی تعداد اور اموات کے لحاظ سے اس وقت امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
دوسری جانب روزنامہ واشنگٹن پوسٹ نے خبردی ہے کہ کورونا ویکسین کی شدید قلت نے امریکی وزارت خارجہ کو دیگر ملکوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر مجبور کر دیا ہے۔ امریکی سفارت کاروں نے روس سمیت دنیا کے بعض دوسرے ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا ویکسین کی فراہمی میں امریکہ کی مدد کریں۔
اُدھر برطانوی اخبار گارڈین نے امریکہ میں ویکسینیشن کے عمل میں نسل پرستانہ رویوں کا انکشاف کیا ہے۔ رپورٹ میں سرکاری سطح پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسینشن میں لاطینی نژاد اور سیاہ فام امریکیوں کا تناسب پانچ آعشاریہ تین اور پانچ اعشاریہ چار فی صد ہے۔
اگرچہ دو امریکی کمپنیوں فائزر اور موڈرنا نے اپنی تیار کردہ کورونا ویکسین کی توثیق کے بعد امریکہ اور برطانیہ سمیت دنیا کے بعض دیگر ملکوں میں اس کی لاکھوں ڈوز تقسیم کی ہیں تاہم اطلاعات ہیں کہ مذکورہ ویکسین کے ڈوز حاصل کرنے والے کم سے کم ساٹھ امریکی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سیکڑوں کو شدید قسم کے دوسرے عارضوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور حتی ان کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں ہیں۔

Add comment


Security code
Refresh