ھندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعے کو ڈھاکے میں بنگلادیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کے یوم پیدائش کی سو سالہ تقریب میں شرکت کی۔
جمعے کو بنگلادیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کے یوم پیدائش کی سوسالہ تقریبات منعقد ہوئیں ۔ ڈھاکہ میں معنقد ہونے والی سرکاری تقریب میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس تقریب میں نریندر مودی نے بنگلادیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کے لئے دو ھزار بیس کا گاندھی پیس ایوارڈ پیش کیا جو بنگلادیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی بہن شیخ ریحانہ نے اپنے والد کی طرف سے وصول کیا۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے اس موقع پر اپنی تقریر میں اپنے دورہ بنگلہ دیش کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش اور ہندوستان ایک دوسرے کے ساتھ مل کر ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں۔ انھوں نے بانی بنگلہ دیش اور اس ملک کی آزادی کی راہ میں جدوجہد کرنے والوں کی قدردانی کی۔
نریندر مودی نے کہا کہ بنگلہ دیش کی آزادی کے لئے انھوں نے بھی مظاہرہ کیا تھا اور یہ ان کی زندگی کا پہلا مظاہرہ تھا جو انھوں نے بنگلہ دیش کے لئے کیا اور گرفتاری بھی پیش کی۔
انھوں نے بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کل بھی بنگلادیش کے ساتھ تھا اور آج بھی وہ بنگلادیش کے ساتھ کھڑا ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے بنگلہ دیش کی آزادی میں اپنے ملک کی اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کے کردار کو بھی سراہا۔انھوں نے کہا کہ کوئی بھی طاقت دونوں ملکوں اور ان کی اقوام کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتی۔
نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور بنگلادیش کے مسائل ایک ہیں اور دونوں ملکوں کو انتہا پسندی، دھشت گردی اور غربت کے خلاف مل کے جنگ کرنا ہے۔
بنگلادیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی بہن شیخ ریحانہ نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو شیخ مجیب میمنٹو سے نوازا۔ اس تقریب سے خطاب میں بنگلادیش کے صدر محمد عبدالحمید اور وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اپنے خطاب میں ہندوستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
شیخ حسینہ نے کہا کہ ہندوستان نے ہر مرحلے میں بنگلادیش کا ساتھ دیا حتی موجودہ کورونا کی عالمی وبا کے خلاف مہم میں بھی نئی دہلی نے ڈھاکہ کا ساتھ دیا ہے۔ انھوں نے دونوں ملکوں کی دوستی کے استحکام پر زور بھی دیا۔
ھندوستان کے وزیر اعظم کا ڈھاکہ میں حیرت انگیز دعوی
- Details
- Written by admin
- Category: اھم خبریں
- Hits: 334