www.Ishraaq.in (The world wide of Islamic philosophy and sciences)

وَأَشۡرَقَتِ ٱلۡأَرۡضُ بِنُورِ رَبِّهَا

175d8
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ھزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انھیں مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دورہ کوئٹہ کے موقع پر قبائلی عمائدین اور شھید کان کنوں کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں ھزارہ برادری کو ان کے تحفظ کا مکمل یقین دلاتا ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دھشت گردی کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہے جو ملک میں شیعہ سنی فسادات کرانا چاہتا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ افغان جہاد ختم ہونے کے بعد عسکری گروہوں نے ہمارے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔
انھوں نے مختلف دھشت گرد گروہوں کے گٹھ جوڑ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہم لشکر جھنگوی اور داعش جیسے گروہوں کا قلع قمہ کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے کوئٹہ آنے کا مقصد متاثرہ خاندانوں اور پوری برادری کو اعتماد میں لینا تھا اور ہماری حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے لازمی اقدامات عمل میں لائے گی۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کا ایک سیل قائم کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ھزارہ برادری کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
انھوں نے شہدا کی تدفین کرنے پر لواحقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت آپ کی بھرپور سرپرستی کرے گی اور آپ کا پورا خیال رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ مچھ دھشتگردانہ واقعے میں شھید ہونے والوں کے لواحقین نے شہدا کی تدفین کو وزیر اعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد سے مشروط کیا تھا تاہم عمران خان نے ان کی اس شرط کو تسلیم نہیں کیا اور چھے روز تک انتظار کر کے بالآخر شہدا کے لواحقین نے حکومت سے مذاکرات کے بعد اپنے پیاروں کی تدفین پر رضامندی ظاہر کر دی تھی اور پھر عمران خان نے تدفین کے بعد کوئٹہ کا دورہ کیا۔

Add comment


Security code
Refresh