ھندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ٹرن آؤٹ تقریبا اسی فیصد اور آسام میں تہتر فیصد سے زیادہ بتایا گیا ہے۔
کولکتہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سنیچر کو شام سات بجے تک پولنگ ہوئی ۔ انتخابات میں پولنگ کا تناسب اناسی اعشاریہ سات نو بتایا گیا ہے۔
ایک انتخابی افسر نے بتایا ہے کہ سنیچر کو پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی رائے دھندگان کی لمبی لمبی قطاریں نظر آنے لگی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ اکا دکا واقعات کو چھوڑ کے پولنگ پر امن رہی ہے۔
ریاست مغربی بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس پارٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں گڑبڑ کئے جانے کا الزام لگایا ہے ۔
ترنمول کانگریس نے کہا ہے کہ بہت سے پولنگ اسٹیشنوں پر لوگوں نے اس کو ووٹ دیئے لیکن وی وی پیٹ مشین پر ان کا ووٹ بی جے پی کے نشان پر دکھایا گیا ہے۔
ترنمول کانگریس نے ٹوئٹر پر الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان لگایا ہے۔
یاد رہے کہ سنیچر کو مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تیس نشستوں کے لئےووٹ ڈالے گئے ۔
مغربی بنگال کے ساتھ ہی پڑوسی ریاست آسام میں بھی سنیچر کو اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سینتالیس نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مغربی بنگال کی طرح آسام میں بھی انتخابات میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کے حصہ لیا ہے اور پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی لوگ قطاروں میں لگ گئے تھے۔
آسام میں پولنگ کا تناسب تہتر اعشاریہ تین آٹھ بتایا گیا ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ مغربی بنگال کی طرح آسام میں بھی پہلے مرحلے کے انتخابات میں ووٹنگ کا تناسب بہت اچھا ہوگا۔
مغربی بنگال اور آسام میں پولنگ کا تناسب
- Details
- Written by admin
- Category: اھم خبریں
- Hits: 310