www.Ishraaq.in (The world wide of Islamic philosophy and sciences)

وَأَشۡرَقَتِ ٱلۡأَرۡضُ بِنُورِ رَبِّهَا

اسلام نے خاندان کوخاص اھمیت دی ھے اور چونکہ معاشرہ سازی کے سلسلہ میں اسے ایک سنگ بنیاد کی حیثیت حاصل ھے

 لھذا اسلام نے اس کی حفاظت کے لئے تمام افرد پر ایک دوسرے کے حقوق معین کئے ھیں اور چونکہ والدین کا نقش خاندان اور نسل کی نشو ونما میں کلیدی حیثیت رکھتا ھے ۔ قرآن کریم نے بڑے واضح الفاظ میں ان کی عظمت کوبیان کیا ھے اور ان کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ھے۔

اس بحث میں ھم قرآن کریم، سنت نبویہ اورفرامین اھل بیت(ع) کی روشنی میں والدین کے حقوق کا جائزہ لیں گے۔

حقوق والدین قرآن میں

اللہ تعالی نے متعدد آیات کریمہ میں اپنی عبادت کے حکم کے ساتھ ھی والدین کے ساتھ حسن سلوک کا بھی حکم دیا ھے مندرجہ ذیل آیات ملاظہ فرمائیے:

"وقضی ربک الاتعبدوا الا ایاہ وبالوالدین احسانا" (۱)

(تیرے پروردگار کا فیصلہ یہ ھے کہ اس کےعلاوہ کسی کی عبادت مت کرو اور والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرو)۔ دوسری آیت میں ارشاد رب العزت ھے:

"واذ اخذنا میثاق بنی اسرائیل لاتعبدون الا اللہ وبالوالدین احسانا" (۲)

(اور جب ھم نے بنی اسرائیل سے عھد لیا سوا اللہ کے کسی کی بندگی مت کرو اور والدین کے ساتھ حسن سلوک کرو)

نیزفرمایاھے:

"قل تعالوااتل ماحرم ربکم علیک الاتشرکوابہ شیئا وبالوالدین احسانا" (۳)

(اور کھہ دو آو میں بیان کروں جو کچھ تمھارے رب نے تمھارے اوپرحرام کیا ھے کہ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بناؤ اور والدین کے ساتھ نیکی کرو)

اوراس آیت میں اپنے شکرکو والدین کے شکرکے ھمراہ ذکر فرمایا ہے:

"اناشکرلی ولوالدیک الی المصیر" (۴)

(میرا اور اپنے والدین کا شکر بجالاؤ تمھاری بازگشت میری طرف ہے)۔

اسی طرح خدا تعالی نے والدین کے ساتھ حسن سلوک کو ایک بنیادی فیصلہ قرار دیا ھے، اس نکتے کی طرف اشارہ کرنا بھی ضروری ہے کہ قرآن کریم نے بھت ساری آیات میں اولاد پر زور دیا ھے کہ وہ والدین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں۔ اس کے برعکس والدین کو بھت کم غیر معمولی حالات میں اولاد کو اھمیت دینےکا حکم دیاھے جیسے بھوک کے ڈر سے اپنی اولاد کو قتل نہ کرنے کا حکم۔

اور صرف اس پر زور دیتا ھے کہ اولاد زینت، تفریح کا سامان اور والدین کے لئے آزمائش ھے اور اولاد کا ذکر مال و متاع کے ھمراہ اور تفاخر کے مقام میں کیا ھے۔

چنانچہ ارشاد باری تعالی ہے:

"واعلموا انما اموالکم و اولادکم فتنة وان اللہ عندہ اجرعظیم"(۵)

(اور جان لو تمھارے اموال اور اولاد آزمائش ھیں، اور جب بیشک اللہ کے ھاں اجر عظیم ہے)

نیز فرماتا ہے: "…وتفاخربینکم و تکاثر فی الاموال والاولاد…"(۶)(۔۔۔اور ایک دوسرے پر فخر کرنا اور مال و اولاد میں ایک دوسرے سے زیادہ خو اھش ہے…)۔

اور اس کا راز یہ ھے کہ اولاد کے ساتھ تعلق کی نسبت والدین کا اولاد کے ساتھ تعلق زیادہ شدید ھوتا ھے بالخصوص ماں جو ھمیشہ اپنی اولاد کو محبت کی ردا میں لپیٹے رکھتی ھے اور ان کی محبت میں قیمتی سے قیمتی اور نفیس سے نفیس چیز بھی قربان کر دیتی ھے اور اس کی پوری تمنا ھوتی ہے کہ اس کی اولاد سعادتمندانہ زندگی بسر کرے۔

لھذا والدین کو اس بارے میں کسی خاص تنبیہ کرنے کی ضرورت نھیں ہے بلکہ اپنی نسل کی صحیح تربیت کرنے کے لئے فقط ان کے ضمیر کو جگا دینا کافی ھے۔

اور چونکہ اولاد کی محبت والدین کے ساتھ فطری طور پر کمزور ھوتی ھے لھذا قرآن کریم نے انھیں والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے کا حکم دیا ھے تاکہ طرفین کی محبت میں توازن آجائے اور اسی وجہ سے دیکھیں تو والدین کے ساتھ حسن سلوک، حقیقی عبادت کا اجتماعی مظھر ھے اورعبادت اور اس کے اجتماعی مظاھر کے درمیان ھر قسم کی تفکیک و جدائی بالخصوص والدین کے ساتھ بدسلوکی اگرچہ "اف" کے ساتھ کیوں نہ ھو عبادت کو اسی طرح خراب کر دیتی ھے جیسے سرکہ کا ایک قطرہ شھد کو خراب کر دیتا ہے۔

ماں کاعظیم حق:

قرآن کریم نے ماں کے حق کو اس سے بھی زیادہ اھمیت دی ھے اس کی وجہ یہ ھے ماں کی قربانیاں بھی زیادہ ھیں یہ ماں ھی ھے جو حمل، وضع حمل اور پھر دودھ پلانے جیسی تکالیف برداشت کرتی ھے اور حمل کے مرحلے میں عام طور پر نو ماہ تک بچہ ماں کے پیٹ میں رھتا ھے، اس کی غذ۱سے غذا حاصل کرتا ھے اور ماں کی راحت و صحت کی پروا کئے بغیر مطمئن رھتا ھے۔

پھر وضع حمل کا مرحلہ آتا ھے کہ جس کی سختی کا احساس صرف ماں ھی کو ھو سکتا ھے اور بعض اوقات تو اس مرحلے میں ماں کی زندگی بھی خطرے سے دوچار ھو جاتی ھے، اس کے بعد دودھ پلانے، پرورش کرنے، زحمتیں اٹھانے اور راتوں کو جاگنے کا مرحلہ آتاھے اس لئے اسلام ماں کے حقوق ادا کرنے پر بھت زیادہ زور دیتا ھے اور اس کی فضیلت کا اعتراف کرنے کے لئے اسے بھترین بدلہ دینے پر زور دیتا ھے اور ان قربانیوں کے پیش نظر قرآن کریم ماں کا خصوصیت سے تعارف کراتا ھے اور اس کے حقوق کے بارے میں خاص طور سے نصیحت کرنا ایک فطری سی بات ھے چنانچہ فرماتا ہے:

"ووصینا الانسان بوالدیہ حملتہ امہ وھنا علی وھن فصالہ فی عامین…"(۷)

(اور ھم نے وصیت کی انسان کو اس کے والدین کی طرف کہ جس کی ماں نے دکھ پر دکھ اٹھا کر اسے پیٹ میں اٹھائے رکھا اور دو برس تک شیردھی کافریضہ انجام دیا)۔

اسی کے ساتھ قرآن کریم نے اولاد کے ضمیر کو بھی جھنجھوڑا ھے کہ وہ اپنے والدین اور بالخصوص ماں کی زحمتوں اور تکلیفوں کو فراموش یا نظرانداز کرکے اپنی پوری توجہ بیوی، بچوں پر مرکوز نہ کریں۔

حوالہ:

۱۔ سورہ اسرا/۱۷:۲۳۔

۲۔ سورہ بقرہ ۲:۸۳۔

۳۔ سورة الانعام ۶:۱۵۱۔

۴۔ سورة لقمان ۳۱:۱۴۔

۵۔ سورة انفال ۸:۲۸۔

۶۔ سورہ حدید۵۷:۲۰۔

۷۔ سورة لقمان ۳۱:۱۴۔

Add comment


Security code
Refresh