www.Ishraaq.in (The world wide of Islamic philosophy and sciences)

وَأَشۡرَقَتِ ٱلۡأَرۡضُ بِنُورِ رَبِّهَا

806809
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق‘‘ کا آغاز بدھ کے روز یکم نومبر کو مفتی اعظم لبنان مفتی شیخ ماھر حمود کی صدارت میں ھوا۔
عالمی فلسطین کانفرنس میں فلسطین سمیت شام، عراق، لبنان، یمن، بحرین، کویت، اسپین، پاکستان، افغانستان، بھارت، ایران، ترکی، روس، آذربائی جان، ترکمانستان، چیچنیا، بوسنیا، انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ، موریشز، سوڈان، نیجیریا، مصر، جنوبی افریقا، یوگنڈا سمیت شمالی و جنوبی افریقائی ممالک سمیت برطانیہ اور امریکہ میں مقیم علمائے کرام و دیگر اھم شخصیات نے شرکت کی۔
عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق‘‘ کی افتتاحی تقریب میں دنیا بھر سے آئے ھوئے تین سو سے زائد علمائے اسلام و مقاومت سمیت لبنان میں موجود سینکڑوں علمائے کرام اور مفتیان عظام نے شرکت کی۔
عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق‘‘ کی افتتاحی تقریب میں عالم اسلام کی مایہ ناز شخصیات اور مفتی عظام سمیت تحریک آزادی فلسطین کے لئے سرگرم عمل جماعتوں بشمول حماس، حزب اللہ، جھاد اسلامی، پاپولر فرنٹ و دیگر کی اعلٰی قیادتوں نے بھی شرکت کی اور شرکائے کانفرنس سے خطاب کیا۔
واضح رھے کہ عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق‘‘ کا انعقاد فلسطینی عوام کے ساتھ کی جانے والی برطانوی خیانت بالفور اعلامیہ کے ایک سو سال مکمل ھونے پر کیا جا رھا ہے، جس کا مقصد دنیا کو بتانا ہے کہ فلسطین پر صرف اور صرف فلسطینیوں کا حق ہے، جبکہ بالفور جیسے اعلامیہ اور وعدے کہ جس کی بنیاد پر عالمی استعماری قوتوں نے فلسطین پر ایک غاصب صھیونی ریاست کا قیام عمل میں لائے تھے، کی کوئی حیثیت نھیں۔
عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق‘‘ کی افتتاحی تقریب میں عالم اسلام کی ممتاز شخصیات میں مفتی اعظم لبنان اور علمائے مقاومت اسلامی اتحاد کے سیکرٹری جنرل شیخ ماھر حمود، حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم، ایرانی سپریم لیڈر کے خصوصی نمائندہ آیت اللہ شیخ محسن اراکی (ایران)، مفتی ڈاکٹر شیخ توفیق رمضان بوتی(شام)، شیخ علی ھاشم السراج (سوڈان)، شیخ عبد الطیف المیم (عراق)، شیخ انس (افریقا)، عبدالغنی شمس الدین (ملائیشیا) نے شرکت کی اور افتتاحی تقریب سے خطاب کیا جبکہ مقبوضہ القدس سے مسیحی رھنما عطاء اللہ حنا اور فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کے سربراہ شیخ اسماعیل ھنیہ نے بذریعہ ٹی وی لنک شرکائے کانفرنس سے خطاب کیا۔

Add comment


Security code
Refresh